راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M), HJ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، NI، NI (M) اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، NI (M), HJ نے مسلح افواج کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید، نشانِ حیدر کے 54ویں یومِ شہادت پر انہیں دلی عقیدت اور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
میجر شبیر شریف شہید، جنہوں نے 1965 کی جنگ میں غیر معمولی بہادری پر ستارۂ جرات حاصل کیا، 1971 کی جنگ میں ایک بار پھر شجاعت کی لازوال مثال قائم کی۔ انہیں سلیمانکی ہیڈ ورکس کے قریب ایک نہایت اہم اسٹریٹیجک مقام کو محفوظ بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
5 اور 6 دسمبر کی درمیانی رات میجر شبیر شریف نے اپنے جوانوں کی قیادت بہادری سے کی، دشمن فوج سے آمنے سامنے لڑتے ہوئے بھارتی 4 جٹ رجمنٹ کے کمانڈر میجر نرائن سنگھ کو ہلاک کیا۔
6 دسمبر کے دن بھر انہوں نے دشمن کے متعدد جوابی حملے پسپا کیے اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فارورڈ پوزیشن سے ہی ریکوئلس رائفل سے دشمن کے ٹینک تباہ کرتے رہے۔
جب وہ قبضہ کیے گئے علاقے کا بھرپور دفاع کررہے تھے تو بھارتی ٹینک کا گولہ لگنے سے وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے مطابق، میجر شبیر شریف شہید کی جرات، فرض شناسی، بہادری اور مادرِ وطن سے بے مثال وفاداری افواجِ پاکستان کی روشن روایت اور قومی فخر کا دائمی استعارہ ہے۔ ان کی شجاعت آج بھی ہر سپاہی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مسلح افواج نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کی حفاظت اور خودمختاری کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو پوری قوم ہمیشہ عظیم احترام اور ممنونیت کے ساتھ یاد رکھے گی۔ ان کی بہادری اور استقامت کا نقش ہمیشہ قومی تاریخ میں روشن رہے گا۔


