کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض ملاح کے خلاف بلڈرز نے بلیک میلنگ، غیر قانونی مطالبات اور ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد (ABAD) نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو باضابطہ خط لکھا ہے۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے خط کے ساتھ ریاض ملاح کی جانب سے مبینہ بدسلوکی اور گالی گلوچ کے شواہد بھی وزیراعلیٰ کو پیش کیے ہیں۔ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے رویے اور غیر قانونی اقدامات سے حکومتی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
آباد نے اپنے خط میں ریاض ملاح کے خلاف غیرجانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں عہدے سے معطل کیا جائے، ورنہ بلڈنگ اور کنسٹرکشن سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین آباد نے یہ بھی کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہوگا اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آباد کے مطابق وائس چیئرمین طارق عزیز انکوائری میں مکمل تعاون کے لیے حاضر رہیں گے۔
تنظیم نے اس خط کی کاپی وزیر بلدیات، چیئرمین اینٹی کرپشن اور پی سی آئی سی کو بھی ارسال کر دی ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی۔


