87

ہربڑے شہراورمرکزی سڑکوں پربسیں چلانےکا منصوبہ،ٹیکسی سروس بھی شروع ہوگی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد صرف اُن حلقوں پر توجہ دینا نہیں جہاں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی، بلکہ تمام شہریوں کو یکساں سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں چلنے والی تمام بسیں عوام کی ملکیت ہیں اور انہیں عوام کی سہولت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر کے مطابق حکومت ایک بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت صوبے کی ہر بڑی سڑک پر بسیں چلائی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ ٹنڈو جام اور حیدرآباد میں بس سروس شروع کر دی گئی ہے، جبکہ حیدرآباد میں ہٹڑی سے حیدر چوک، لطیف آباد اور گاڑی کھاتہ تک مزید روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر علاقے میں سفری سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔

ٹریفک نظام پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ای چالان سسٹم کی مخالفت ضرور کی گئی، لیکن ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے تجزیے کے لیے “کیس بہ کیس اسٹڈی” کی ضرورت ہے تاکہ مؤثر قوانین اور حفاظتی اقدامات بنائے جا سکیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹرالر اور موٹر سائیکل حادثات میں غلطی کا یکطرفہ تاثر ختم کرنا ہوگا کیونکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سخت قوانین بنا رہی ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی آئے اور حادثات روکے جا سکیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے دفاتر میں آئیں، تجاویز دیں اور صوبے کے مفاد میں مل کر کام کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن اور عوام دونوں کو جوابدہ ہے اور صوبے کی بہتری کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

سینئر وزیر نے مزید کہا کہ صوبہ جلد نئی ٹیکسی سروس بھی شروع کرنے جا رہا ہے، جس کا آغاز اسی ماہ یا آئندہ ماہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے سہولیات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں