47

فوٹو آف دی ایئر 2025 کا عالمی اعزاز ایک دل دہلا دینے والی فلسطینی تصویر

غزہ (ایچ آراین ڈبلیو) ورلڈ پریس فوٹو آف دی ایئر 2025 کا عالمی اعزاز ایک دل دہلا دینے والی فلسطینی تصویر نے اپنے نام کر لیا ہے، جس میں اسرائیلی حملے میں بازو کھونے والے کم سن محمود عجور کو دکھایا گیا ہے۔

یہ تصویر معروف فوٹوگرافر سمر ابوالعوف نے نیویارک ٹائمز کے لیے لی تھی۔ تصویر میں دکھایا گیا لڑکا، محمود عجور، گزشتہ سال غزہ میں ہونے والے ایک دھماکے میں ایک بازو مکمل طور پر کھو بیٹھا، جبکہ دوسرا بری طرح مسخ ہوا۔ بعد ازاں محمود کو علاج کے لیے دوحہ منتقل کیا گیا، جہاں اب وہ اپنے پیروں سے روزمرہ کے کام انجام دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

فوٹوگرافر سمر ابو العوف خود بھی غزہ سے تعلق رکھتی ہیں اور انہیں دسمبر 2023 میں غزہ سے نکالا گیا تھا۔ اب وہ دوحہ میں مقیم ہیں اور شدید زخمی فلسطینیوں کی زندگیوں کو اپنی تصاویر کے ذریعے دنیا کے سامنے لا رہی ہیں۔

سمر نے بتایا کہ محمود کی والدہ نے ان سے جو سب سے دردناک جملہ شیئر کیا وہ یہ تھا: “جب محمود کو پہلی بار اپنے بازوؤں کی غیر موجودگی کا احساس ہوا، تو اس نے کہا: ’امی، میں آپ کو کیسے گلے لگا پاؤں گا؟‘”

ورلڈ پریس فوٹو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جومانہ الزین خوری نے تصویر کو “خاموش مگر گونج دار پیغام کی حامل” قرار دیا۔ جیوری نے کہا کہ یہ تصویر نہ صرف ایک بچے کی تکلیف کو ظاہر کرتی ہے بلکہ پوری جنگ کے اجتماعی زخموں کی نمائندگی کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں