71

انسداد دہشتگردی عدالت: ماہ رنگ بلوچ کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ ختم

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کے خلاف قائد آباد تھانے میں درج اشتعال انگیزی کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمہ کی بریت کی درخواست منظور کرلی اور مقدمے سے اسے بری کر دیا۔

وکیل صفائی کے مطابق پولیس نے وقوعے کے دن کوئی ریلی یا احتجاج نہیں ہونے کی تصدیق کی، چالان میں کسی پرائیویٹ گواہ کو شامل نہیں کیا گیا، اور ملزمہ کے خلاف کوئی ویڈیو یا ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ وکیل صفائی نے مزید بتایا کہ ملزمہ کے خلاف ایک ہی نوعیت کے متعدد مقدمات پہلے ہی درج ہیں اور مدعی مقدمہ عادی جرائم پیشہ فرد ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ تفتیشی افسر نے دس ماہ بعد مقدمے کا چالان پیش کیا اور شواہد کے فقدان کی صورت میں شک و شبہات کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن کے کمزور شواہد کی بنیاد پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی اور 265-K کے تحت جرم ثابت ہونے کا امکان نہ ہونے پر ملزمہ کو بری کیا گیا۔

یہ فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے ماہ رنگ بلوچ کے حق میں شفاف اور قانونی سماعت کے بعد کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں