کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صنعت کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں نئے صنعتی زون بھی قائم کئے جارہے ہیں تاکہ صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نوری آباد ایگزیکٹو کلب کی جانب سے دئیے جانے والے ایک عشائیے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ ، ایم ڈی سائٹ عارف زیدی، نوری آباد ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایگزیکٹو کلب کے عہدیدار ڈاکٹر ریحان مہتاب چاؤلہ ، کنور ضیاء الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوری آباد انڈسٹریل زون کی ترقی کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مذید رقم مختص کی جائے گی۔ ایک ارب روپے مالیت سے نوری آباد انڈسٹریل زون کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ صنعتی فضلہ مناسب طریقے سے ٹھکانے کے لئے متعلقہ پلانٹ کو جلد فعال کیا جائے گا۔ اس موقع پر صنعت کاروں نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو نوری آباد کے انڈسٹری زون کو درپیش مسائل سے اگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے صنعت کاروں کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہائی کروائی۔


