91

صرف 40 دنوں میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کی 1543 شکایات موصول ہوئیں

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہریوں نے 23 اکتوبر تا یکم دسمبر کے دوران 40 دنوں میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کی 1543 شکایات جمع کرائیں۔

نیپا چورنگی کے قریب بچے کے گٹر میں گرنے کے اندوہناک واقعے کے بعد تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ صرف 40 دنوں کے دوران گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کی 1500 سے زائد شکایت موصول ہوئیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ معاملہ کتنی سنگین نوعیت کا ہے۔

25 ٹاؤنز سے موصول ہونے والی شکایات کی رپورٹ منظرعام پرآئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز سے موصول 1543 شکایات میں سے 1449 حل کی گئیں۔

واٹرکارپوریشن حکام نے بتایا کہ ڈھکن نہ ہونے کی سب سے زیادہ 169 شکایات نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سے موصول ہوئیں، نیوکراچی ٹاؤن سے 149 شکایات ایسی موصول ہوئیں جو کھلے مین ہولز سے متعلق تھیں۔

حکام نے بتایا کہ تیسرے نمبر پر گلشن اقبال ٹاؤن سے 110 شکایات موصول ہوئیں، 3 سالہ بچے کے مین ہول میں گرنے کا واقعہ گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں ہی پیش آیا۔

واٹرکارپوریشن کے دستیاب ریکارڈ کے مطابق 110 شکایات میں سے 107 حل بھی ہوچکیں، جناح ٹاؤن سے 65 جبکہ صدر ٹاؤن سے 64 شکایات موصول ہوئیں۔

لیاری ٹاؤن سے 37، کیماڑی سے 46، لیاقت آباد ٹاؤن سے 36 شکایات سامنے آئیں، لانڈھی ٹاؤن سے 49، کورنگی ٹاؤن سے 92 اور ملیر سے 39 شکایات درج ہوئیں۔

واٹر کارپوریشن حکام کا مزید کہنا تھا کہ سائٹ ٹاؤن سے 17، ماڈل ٹاؤن سے 40، صفورا ٹاؤن سے 94 شکایات موصول ہوئیں، شاہ فیصل ٹاؤن سے 56، چنیسر ٹاؤن سے 47، بلدیہ ٹاؤن سے 50 اور سہراب گوٹھ سے 3 شکایات ملیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں