کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 12 ٹیموں نے کراچی میں ورلڈکپ کھیلا، یہ محفوظ شہر ہے۔
کراچی میں منعقد ہونے والے اوور 40 ٹی20 کرکٹ ورلڈکپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایک محفوظ شہر ہے اور اسے محفوظ رکھنا ہماری ترجیح ہے، ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں نے سندھ کی مہمان نوازی سے ضرور لطف اٹھایا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈکپ کی میزبانی کامیابی سے انجام دی، یہ کامیابی پی وی سی اے اور سندھ حکومت کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کرکٹ لیجنڈز کا مرکز رہا ہے اور آج بھی سب سے متحرک کرکٹ سٹی ہے، کراچی کے ہر طبقے کے لوگ میچوں میں بھرپور جوش سے شریک ہوتے ہیں، سندھ میں کرکٹ کا جنون ہے، جو لوگوں کو متحد کرتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم دنیا کےسامنےکراچی کامثبت چہرہ پیش کرتےرہیں گے، 2023 میں اوور 40 گلوبل کپ میں 8 ممالک کی شرکت اسی کا ثبوت تھی۔
انھوں نے کہا کہا کہ سندھ صدیوں سے اپنی مہمان نوازی کےلیے مشہور ہے، مستقبل میں بھی کرکٹ سیریز کا سلسلہ جاری رہےگا، کھلاڑی کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر کا دورہ کریں، سندھ میں روحانی، مذہبی، تاریخی ورثہ اور کلاسیکی ثقافت موجود ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو دوبارہ خوش آمدید کہنے کے منتظر رہیں گے، اس ایونٹ کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار مقابلہ بنانے پر تمام افراد کا شکریہ، فواد اعجاز خان کا اوور 40 ورلڈکپ کے بہترین انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔


