90

کراچی دبئی سے آگے تھا، الطاف نامی شخص نے تباہ کر دیا، شرجیل میمن کی پریس کانفرنس

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب ملک بھر میں اسکرینوں کے ذریعے براہِ راست دکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، ان کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی۔ قائدِ عوام نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ان کے بے شمار کارناموں کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی اور خواتین کی مضبوط آواز بنیں، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے ملک کے لیے مثالی خدمات انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ کی حیثیت سے بلاول بھٹو نے پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں بہادری سے پیش کیا۔ ’’وہ بھارت بھی گئے اور وہاں کشمیر کا مقدمہ رکھا، حالانکہ ان کے سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی تھی،‘‘ انہوں نے کہا۔

شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ دنیا کی کوئی سیاسی جماعت ایسے باون لاکھ گھر مفت نہیں بنا رہی جیسا کہ پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے سستی بجلی آج بھی تھر کول سے مل رہی ہے اور ملکی ماہرین اس بات پر متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے غیر ملکی کسانوں کو سپورٹ کیا جبکہ اپنے کسانوں کو بحران میں ڈالا، مگر بلاول بھٹو نے بھرپور آواز اٹھائی۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر جانوں کے نذرانے دیے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ’’ہمیں فخر ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بارہ سال بغیر جرم کے جیل میں رہے، مگر پیپلز پارٹی نے کبھی اپنا بیانیہ نہیں بدلا اور نہ ہی جدوجہد ترک کی۔ ’’پھانسی کے پھندے بھی ہمیں روک نہ سکے، دہشت گردی کا مقابلہ بھی ہم نے کیا،‘‘ انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے کو عبرتناک طریقے سے گرایا اور بھارتی پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا۔ ’’بھارت خود کو سپر پاور کہتا ہے مگر ہماری فورسز نے اسے ہر محاذ پر شکست دی،‘‘ انہوں نے کہا۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے اور آئین میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ گورنر کی تبدیلی وفاقی معاملہ ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو مشورہ ہے کہ عدالتوں میں لڑیں اور ملک کے اداروں کو متنازعہ نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کبھی دبئی سے آگے تھا، یہاں ٹرام چلتی تھی، مگر اسے منصوبہ بندی کے تحت الطاف حسین کے حوالے کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہیروئن، بھتہ اور بوری بند لاشوں کا کلچر پروان چڑھا۔ ’’آج کراچی کا کچرا اٹھایا جا رہا ہے اور پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے‘‘ انہوں نے کہا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تا قیامت ملک و قوم کے لیے قربانیاں دیتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں