کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) — سندھ ہائی کورٹ کراچی میں آج اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب وکلا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید ہاتھا پائی اور تصادم پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق بعض وکلا نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور ان کی **یونیفارم بھی پھاڑ دی**۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہائی کورٹ کے باہر تعینات ایک پولیس افسر کے ساتھ **انتہائی نامناسب رویہ** اختیار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے حوالے سے **رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو باضابطہ خط لکھا جائے گا** جبکہ قانونی طور پر متعلقہ **بار ایسوسی ایشنز کو بھی آگاہ** کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق پولیس حکام اس معاملے پر **تمام پہلوؤں سے قانونی کارروائی** کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ **27ویں آئینی ترمیم** کے خلاف وکلاء کنونشن پہلے ہی تنازع کا شکار ہے۔ کراچی بار اور سندھ ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکریٹریز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27ویں ترمیم کے خلاف وکلاء کنونشن **ہر صورت منعقد کریں گے**۔


