قصور: شہری پر تشدد،پولیس اہلکار برطرف

قصور (ایچ آراین ڈبلیو) قصور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) قصور نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

ڈی پی او قصور نے صحافیوں کو دیے گئے بیان میں کہا: “یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے، ہم نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ میرے ضلع میں دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔”

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں پولیس اہلکاروں کو ایک شہری پر مبینہ طور پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا، جس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ واقعے کی رپورٹنگ پر ڈی پی او قصور نے فوری ایکشن لیتے ہوئے انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پولیس کے مطابق معاملے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں