کرک (ایچ آراین ڈبلیو) خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ دربار ہوٹک کے قریب پرانا ایس این جی پی ایل مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک بھاری کنٹینر، مسافروں سے بھری کوچ پر الٹ گیا۔
مسافر کوچ میران شاہ سے پشاور جا رہی تھی اور اس میں 16 افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد مقامی شہریوں، پولیس، اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 6 جاں بحق افراد کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے کی شدت اور امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔


