کراچی پولیس آفس میں ٹریفک مینیجمنٹ اور انسدادِ جرائم سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں ٹریفک مینیجمنٹ اور انسدادِ جرائم سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، روڈ ایکسیڈنٹس، اور ان کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پولیس چیف نے افسران کو ہدایت دی کہ فینسی نمبر پلیٹس، غیرقانونی ایمرجنسی لائٹس اور ٹنٹڈ گلاسز والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق اور مؤثر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی آگاہی مہم میں بھی تیزی لانے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں میں قانون کی پابندی کا شعور اجاگر ہو۔

اجلاس کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم، رہزنی، چوری اور دیگر سنگین جرائم کی موجودہ صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کا قیام کراچی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں