کراچی (ایچ آراینڈبلیو) چیئر مین آفاق احمد گزشتہ رات گئے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 27ویں ترمیم کو ملک کی اشرافیہ کی جانب سے ملک میں جمہوریت کو دفن کرکے بادشاہت قائم کرنے کی کوشش قرار دیا۔27ویں ترمیم آئین کے آرٹیکل(1) 25 کے قطعی خلاف ہے،جس کے مطابق پاکستان کا ہر شہری برابر ہے اور قانون کا پابند ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی، خودمختاری اور غیرجانبداری کا بھی گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔آفاق احمد نے استثنیٰ کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں قومی مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں خبر دار کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتے۔آفاق احمد نے کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور احترام کا مضبوط رشتہ ہے جسے استثنیٰ کے ذریعے کمزورکرنے کی سازش کی گئی ہے، استثنیٰ واپس کرنے سے عوام میں افواج کی عزت و وقار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کے ووٹوں کے بغیر27ویں ترمیم کیلئے دو تہائی اکثریت حاصل کرنا نا ممکن تھا اسکے باوجود سندھ کے شہری علاقوں کے مفادات کے حصول کے بغیر استثنیٰ کی حمایت میں ووٹ ڈال کرمتحدہ اپنے عوام کی بجائے آمریت اور کرپٹ ترین سیاسی لوگوں کے ساتھ کھڑی نظرآئی۔آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ سمجھتی ہے کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے معاشی حب کراچی کی مقامی حکومت کو مضبوط اور بااختیاربنانا ہوگا،جس کیلئے کراچی کے تمام رہائشی علاقوں اور کراچی کی پولیس کو میئرکے ماتحت کیا جائے اور NFCکے بعد PFC کو آئینی تحفظ دے کر اس پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے۔
92


