اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی دارالحکومت کے علاقے تھانہ ترنول کی حدود میں ایف آئی اے کی وردی سے مشابہہ یونیفارم پہن کر شہریوں کو لوٹنے والا منظم گروہ سرگرم ہو گیا۔ تازہ واقعے میں نامعلوم جعل سازوں نے ایک شہری کو اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔
درخواست گزار آصف غلام علی ولد غلام علی سکنہ سیکٹر E-16 مکان نمبر 36 اسلام آباد کے مطابق، 4 نومبر 2025 کی شام تقریباً 7:37 بجے وہ گھر کے قریب موجود تھے کہ دو مشکوک گاڑیاں، ایک Toyota Corolla XLi اور دوسری KIA Sportage نمبر AXD-666، ان کے قریب آ کر رکیں۔ گاڑیوں میں موجود تین افراد ایف آئی اے کی وردی سے ملتی جلتی یونیفارم پہنے ہوئے تھے۔ ان میں ایک کے یونیفارم پر “حیدر” لکھا ہوا تھا جبکہ دوسرا شخص بار بار “سمیع” کے نام سے پکارا جا رہا تھا۔
ملزمان نے آصف سے پوچھا کہ “کیا تم عاصم ہو؟” اور بعد ازاں زبردستی انہیں گاڑی میں بٹھا کر ایک ویران مقام پر لے جایا گیا، جہاں ان پر تشدد کیا گیا اور ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ انکار پر ملزمان نے آصف کی جیب سے 33 ہزار روپے نقد چھین لیے، اور بعد ازاں ایک اے ٹی ایم پر لے جا کر دو الگ ٹرانزیکشنز کے ذریعے ایک ایک لاکھ روپے ان کے بینک اکاؤنٹس سے نکلوا لیے۔
ملزمان نے موبائل فون بند کروا کر آصف کو سڑک کنارے پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔
درخواست گزار نے پولیس کو بتایا کہ یہ عناصر جعلی سرکاری اہلکاروں کا منظم گروہ لگتے ہیں جو ایف آئی اے کی وردی اور فرضی نام استعمال کر کے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ حیدر، سمیع اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور KIA Sportage نمبر AXD-666 کو ٹریس کر کے گروہ کو بے نقاب کیا جائے تاکہ مزید شہری ان کا شکار نہ بنیں۔
پولیس نے واقعے کی درخواست وصول کر کے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔


