آندھرا پردیش (ایچ آراین ڈبلیو) بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں ہفتے کے روز ایک مندر میں پوجا کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ سری کاکولم ضلع کے قصبے کاسیبگا میں واقع سری وینکٹیشورا سوامی مندر میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق، مندر میں سالانہ مذہبی تقریب کے موقع پر گنجائش سے کئی گنا زیادہ عقیدت مند جمع ہوگئے تھے۔ مندر میں داخلے اور نکلنے کے لیے ایک ہی راستہ استعمال ہونے کے باعث اچانک دھکم پیل شروع ہوئی جو بھگدڑ میں تبدیل ہوگئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ایک لوہے کی ریلنگ ٹوٹنے کے بعد لوگ گھبراہٹ کا شکار ہوئے جس سے افراتفری پھیل گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے امداد اور زخمیوں کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔


