108

سوڈان کے الفاشر شہر میں ریپڈ سپورٹ فورس کا قبضہ — ہزاروں شہریوں کا قتل عام، خواتین سے جنسی زیادتی اور اسپتالوں میں مریضوں کا قتل

دارفور (ایچ آر این ڈبلیو) سوڈان کے شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشر میں صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی۔ جہاں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) کے قبضے کے بعد ہزاروں شہریوں کے قتل عام اور نسلی بنیادوں پر جنسی زیادتی اور دیگر مظالم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہر میں تقریباً ایک لاکھ 77 ہزار عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ جو محفوظ مقامات تک نہیں پہنچ پا رہے۔ آر ایس ایف نے نہتے شہریوں پر نسلی بنیادوں پر حملے کیے جن میں ہزاروں لوگ مارے گئے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ بے شمار شہریوں کو زندہ جلایا گیا۔ جبکہ کچھ کو زبردستی اپنی قبریں کھودنے اور خود کو دفنانے پر مجبور کیا گیا۔ شہر میں گھروں پر حملے، خواتین سے جنسی زیادتی اور موقع پر ہی قتل کے واقعات کی تصدیق ہوئی ہے۔

صرف چند گھنٹوں میں 2 ہزار کے قریب افراد مارے گئے۔ جب آر ایف ایس نے شدید لڑائی کے بعد الفاشر شہر پر مکمل قبضہ کر لیا۔ جو مئی 2024 سے آر ایس ایف کے محاصرے میں تھا۔

ڈاکٹرز یونین کے مطابق شہر سے بچ نکلنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جو لوگ گاڑیوں میں فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہیں ان کی گاڑیوں سمیت جلا دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق صرف 2 دنوں میں 36 ہزار سے زائد افراد شہر چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ جبکہ 28 ہزار افراد اب بھی شمالی دارفور کے دوسرے علاقوں میں پناہ تلاش کر رہے ہیں۔

سب سے دل دہلا دینے والا واقعہ الفاشر کے سعودی اسپتال میں پیش آیا۔ جہاں آر ایس ایف اہلکاروں نے 450 سے زائد زخمیوں اور مریضوں کو موقع پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اسی دوران ایک ہزار 2 سو سے زیادہ بزرگ، مریض اور طبی عملہ بھی مختلف میڈیکل مراکز میں مارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں