کابل (ایچ آراین ڈبلیو) افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے جمعرات کو کہا ہے کہ کچھ عناصر جان بوجھ کر پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے قدرتی آفات اور فائر فائٹنگ کے عملے کے تربیتی سیمینار کے اختتام پر دیا۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق حقانی نے کہا: “ہم پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، ہم مسلمان، بھائی اور پڑوسی ہیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگ یا گروہ ایسے ہیں جو حالات کو بگاڑنے اور جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “پاکستان میں حالیہ صورتحال کے دوران جس طرح کا پروپیگنڈا ہو رہا ہے، وہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔ افغانستان کے عوام نے بڑی مشکلات جھیل کر امن حاصل کیا ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ امن قائم رہے۔”
آخر میں حقانی نے واضح کیا کہ: “اگر ہم پر کوئی حملہ کرتا ہے یا جارحیت کی جاتی ہے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے، لیکن ہماری خواہش امن ہے، نہ کہ جنگ۔”


