کنیکٹیکٹ(ایچ آراین ڈبلیو) امریکا میں ایک قاتل ماں نے اپنے شیر خوار بچے کو ندی میں ڈبو کر مار ڈالا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا، پولیس کے پوچھنے پر اس کا کہنا تھا کہ کون سا بچہ؟۔
یہ اندوہناک واقعہ امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں رواں سال 8 جون کو پیش آیا، جس میں ایک 27 سالہ خاتون کو اپنے ایک ماہ کے بیٹے کو ڈبونے کے الزام میں قتل کے مقدمے کا سامنا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق سیڈی فلیمنگ نامی خاتون اپنے نومولود بیٹے سمیت لاپتا ہوگئی تھی، جب اہلکاروں نے اس کی تلاش شروع کی تو اطلاع ملی کہ ایک عورت گیلی حالت میں اکیلی سڑک پر بھٹک رہی ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر جب خاتون سے اس کے بیٹے کے بارے میں دریافت کیا تو اس نے حیران کن انداز میں جواب دیا کہ “کون سا بچہ؟”
فلیمِنگ پوری طرح بھیگی ہوئی اور دماغی طور پر غیر متوازن دکھائی دے رہی تھی اور تقریباً ایک گھنٹے تلاش کے بعد قریبی ندی سے اس کے بچے کی لاش برآمد ہوگئی۔
ملزمہ کے اہلِ خانہ نے پولیس کو بتایا کہ فلیمِنگ مختلف آوازیں سن رہی تھی اور اسے یقین تھا کہ کوئی اس کا پیچھا کر رہا ہے۔ چند دن قبل اس نے ایک نفسیاتی ڈاکٹر سے رابطہ بھی کیا تھا کیونکہ وہ خوف اور وہم میں مبتلا تھی، مگر ڈاکٹر نے بتایا کہ چونکہ وہ ان دنوں بچے کو دودھ پلا رہی ہے اس لیے دوا تجویز نہیں کی جاسکتی۔


