84

بنگلہ دیش: سیاسی اصلاحات کے خلاف احتجاج، پولیس سے تصادم میں متعدد زخمی

ڈھاکہ(ایچ آراین ڈبلیو)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں سیاسی اصلاحات کے حوالے سے جاری کشیدگی کے بعد یکے بعد دیگرے مظاہرے شروع ہو گئے، جس کے نتیجے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، مظاہرین سیاسی اصلاحات کے موجودہ روڈ میپ سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ 2024 میں ہونے والی تحریک میں حصہ لینے والوں کے لیے فلاح و بہبود کے پروگراموں کو مزید بہتر اور یقینی بنایا جائے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر قبضہ بھی کر لیا۔ پولیس نے احتجاج کو کنٹرول کرنے کے لیے آنسو گیس اور دیگر اقدامات کیے، جس کے بعد صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی۔

یہ تمام واقعات اس وقت پیش آئے ہیں جب ملک میں عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے فروری 2026 میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ایک خطاب میں کہا تھا کہ فروری 2026 میں انتخابات کی تجویز چیف الیکشن کمشنر کو دی جائے گی۔ انہوں نے انتخابات کے بعد منتخب حکومت کو اقتدار پرتیقل کرنے کا عہد بھی کیا تھا۔

حالیہ احتجاجات نے ملک میں سیاسی عدم استحکام کے خدشات کو دوبارہ جنم دیا ہے، جب کہ حکام ابھی تک مظاہرین کے مطالبات پر رسمی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں