ورجینیا، امریکا(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی حکام نے دفاعی خفیہ معلومات کو چین کے حوالے کرنے کے مبینہ سازش کے الزام میں ایک بھارتی نژاد شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
مجرم کے خلاف امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ 64 سالہ ایشلی ٹیلس کے گھر سے فوجی نوعیت کی ایک ہزار سے زائد انتہائی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ یہ دستاویزات امریکی فوجی طیاروں کی صلاحیتوں سے متعلق ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم گذشتہ کئی سالوں سے امریکی حکومت کے مختلف محکموں میں ملازم تھا اور اس وقت بھی محکمہ خارجہ سے وابستہ تھا۔ تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق، ملزم نے حالیہ برسوں میں چینی اہلکاروں سے متعدد خفیہ ملاقاتیں کیں۔
خیال رہے کہ امریکی قانون کے تحت دفاعی نوعیت کی حساس دستاویزات کو ذاتی طور پر جمع کرنا یا رکھنا سنگین جرم ہے۔ اگر ملزم پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو گئے تو اسے زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔


