کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے کامرس پرائیویٹ اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل ایسے امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کی بروز بدھ 9 اپریل سے بروز پیر 14اپریل 2025ء تک تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جو انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2024ء میں ایک یا کئی پرچوں میں ناکام رہے ہیں۔ ان امتحانات میں شرکت کے خواہشمند امیدوار امتحانی فارم اور فیس واؤچربورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے مکمل طور پر بھرکر 17یا زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر سے تصدیق کروائیں اور ضروری دستاویزات منسلک کرنے کے بعد درج بالا تاریخوں میں بورڈ آفس کی لائبریری میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔ طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم اور فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کرواسکتے، طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کرلی جائے گی۔ایسے امیدوار جو درج بالا تاریخوں میں اپنے امتحانی فارم نہیں جمع کرواسکیں وہ 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 15اپریل سے بروز پیر 21اپریل 2025ء تک جبکہ 1000روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 22اپریل بروز جمعرات 15مئی 2025ء تک اپنے فارم جمع کرواسکتے ہیں۔


