مائکرو سوفٹ نے اسرائیلی فوج کو اے آئی کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے ملازمین نکال دئیے

واشنگٹن (ایچ آراین ڈبلیو) مائیکروسافٹ کی جانب سے اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کی فراہمی پر احتجاج کرنے والے ملازمین کو کمپنی نے ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ کمپنی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اس وقت پیش آیا جب انجینئر ابتھال ابوسعد نے مائیکروسافٹ AI کے سی ای او مصطفیٰ سلیمان کی تقریر کے دوران غزہ میں اسرائیلی مظالم اور ٹیکنالوجی سپورٹ پر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ “50 ہزار لوگ مر چکے ہیں اور مائیکروسافٹ ہماری خطے میں نسل کشی کو طاقت فراہم کر رہا ہے”۔

کمپنی نے ابتھال پر تقریب میں خلل ڈالنے اور شہرت حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا اور انہیں فوراً برطرف کر دیا۔ ایک اور ملازمہ وانیا اگروال کو بھی احتجاج کرنے پر برطرف کر دیا گیا، حالانکہ کمپنی کے مطابق وہ پہلے ہی استعفیٰ دے چکی تھیں۔

مائیکروسافٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ “احتجاج کا حق تسلیم شدہ ہے لیکن کاروباری رکاوٹ ناقابل قبول ہے”۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گوگل میں بھی درجنوں ملازمین کو اسرائیلی معاہدوں کے خلاف آواز اٹھانے پر ملازمتوں سے فارغ کیا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں