74

نوبل امن انعام سے ٹرمپ کی محرومی کی وجہ سامنے آگئی، کمیٹی چیئرمین نے کی وضاحت

اوسلو(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش اس وقت پوری نہ ہو سکی جب نوبل کمیٹی نے یہ اعزاز وینزویلا کی جمہوریت کارکن ماریہ کارنیا کو دے دیا۔ نوبل امن انعام کمیٹی کے چیئرمین یورگن واٹنے نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انعام کے فیصلے الفریڈ نوبل کی وصیت اور اصولوں کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔

چیئرمین یورگن واٹنے کے مطابق، “کمیٹی انعام دینے کے حوالے سے ماضی کے تجربات، دیانتداری اور جرات کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہے اور اس پر کسی سیاسی دباؤ کا اثر نہیں ہوتا۔” انہوں نے واضح کیا کہ ٹرمپ اس ایوارڈ کے حقدار نہیں تھے، اس لیے کمیٹی نے وینزویلا کی جمہوریت کارکن ماریہ کارنیا کو منتخب کیا، جنہوں نے اپنے ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔

صدر ٹرمپ رواں برس پاک بھارت جنگ اور غزہ اسرائیل جنگ رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے کئی بار اس خواہش کا اظہار کر چکے تھے کہ نوبل کا امن انعام ان کے نام ہو۔ تاہم کمیٹی کے فیصلے نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

یورگن واٹنے نے زور دیا کہ نوبل انعام کے فیصلوں میں سابق انعام یافتگان کی قربانی اور دیانتداری کی روایت کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جو کمیٹی کے منصفانہ فیصلوں کی بنیاد بنتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں