سڈنی(ایچ آراین ڈبلیو) آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز میں واقع شیل ہاربر ایئرپورٹ سے ایک لائٹ طیارے کے کریش ہونے کے المناک واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ پرائیویٹ طیارہ صبح تقریباً 10 بجے ایئرپورٹ سے باتھرسٹ کے لیے اڑان بھرنے کے محض چند لمحوں بعد ہی 30 میٹر کی بلندی تک پہنچ کر بائیں جانب مڑا اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد طیارے میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
ایمرجنسی خدمات فوری طور پر موقع پر پہنچیں، لیکن تینوں مسافرین کو بچانا ممکن نہ ہو سکا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک جوڑا اور ایک 73 سالہ شہری شامل ہیں، جبکہ بعض ذرائع نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت بلڈر اینڈریو کونرز اور ان کی اہلیہ جولیئن کے طور پر کی ہے۔
حفاظتی حکام واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔ یہ سال کا دوسرا ایسا ہوا بازی حادثہ ہے جو نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے میں پیش آیا ہے، جس نے پرائیویٹ طیاروں کی حفاظت کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں-


