کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی حکومتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں فوری طور پر کراچی طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور وزیر داخلہ کے درمیان گفتگو میں سندھ اور پنجاب حکومتوں کے درمیان جاری سیاسی تنازع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے ہدایت کی کہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا جائے اور تناؤ کم کرنے کے لیے عملی اقدامات تجویز کیے جائیں۔
صدر زرداری نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح کے معاملات کو افہام و تفہیم، مکالمے اور سیاسی تدبیر کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کے درمیان سیلابی تباہ کاریوں اور ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے بیان بازی شدت اختیار کر گئی ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے چند روز قبل پنجاب حکومت کو ترقیاتی منصوبوں پر مناظرے کا چیلنج دیا تھا، جسے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے قبول کرلیا۔
شرجیل میمن نے الزام لگایا تھا کہ پنجاب حکومت دراصل وزیراعظم پر تنقید کے لیے پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے، جب کہ عظمیٰ بخاری نے جواب میں کہا کہ سندھ حکومت خود وفاقی حکومت کے خلاف محاذ آرائی کو ہوا دے رہی ہے اور سیلاب متاثرین جیسے سنگین معاملے پر سیاست کر رہی ہے۔
صدر زرداری کی مداخلت کو سیاسی درجہ حرارت میں کمی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی بحالی کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔


