لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری سیاسی تنازع کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے اپنی صاحبزادی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، دو روز قبل جاتی امرا لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تجویز دی کہ اگر مریم نواز اپنے بیانات میں لچک اور نرمی دکھائیں تو ممکن ہے کہ پیپلز پارٹی بھی محاذ آرائی سے گریز کرے۔
تاہم نواز شریف نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور واضح کیا کہ مریم نواز کے حالیہ بیانات دراصل پیپلز پارٹی کی بلاجواز تنقید کا جوابی ردعمل ہیں، اور وہ پنجاب کے عوام کی نمائندگی کے جذبے سے بول رہی ہیں۔
نواز شریف کے اس واضح مؤقف کے بعد، صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایک سخت لب و لہجے کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوبارہ مریم نواز پر تنقید کی، جس سے دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔


