اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) توشہ خانہ کیس ٹو حتمی مراحل میں داخل ہوگیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے استغاثہ کے آخری گواہ محسن ہارون پر جرح مکمل کرلی۔
اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے دونوں ملزمان کو 29، 29 سوالات پر مشتمل دستاویز فراہم کردیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے گواہ نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر جرح کی، توشہ خانہ ٹو کیس کے تمام گواہان پر وکلاء صفائی کی جرح مکمل کر لی گئی۔ کیس میں کُل 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی خود پر لگے الزامات کا جواب دیں گے، اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔
توشہ خانہ کیس 2، بانی اور اہلیہ کی بریت درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم جاری
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔


