کٹھمنڈو / بیجنگ(ایچ آراین ڈبلیو) — نیپال اور چین میں غیر معمولی برفباری کے باعث ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں ایک ہزار سے زائد کوہ پیما اور دیگر افراد پھنس گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، چینی حدود میں موجود تقریباً 350 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر آپریشن ممکن نہیں، جس کے نتیجے میں مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر نیپال میں گزشتہ روز کھٹمنڈو اور قریبی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث 47 افراد جاں بحق اور 9 لاپتہ ہوگئے، جبکہ کئی پل اور سڑکیں بھی تباہ ہو گئیں۔
بھارت کے سیاحتی مقام دارجلنگ میں بھی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 20 افراد ہلاک ہو گئے، جس سے خطے میں قدرتی آفات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔


