حماس(ایچ آراین ڈبلیو)اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے محصور عوام تک انسانی امداد پہنچانے والی “گلوبل صمود فلوٹیلا” مہم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 43 امدادی کشتیوں کو قبضے میں لے لیا اور 500 بین الاقوامی رضاکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، اسرائیلی حکام نے فلوٹیلا کے چار اطالوی رضاکاروں کو دیگر قیدیوں میں سب سے پہلے ملک بدر کر دیا ہے۔
رضاکاروں کو جیل میں ڈالا گیا
اطلاعات کے مطابق، تمام گرفتار رضاکاروں کو صحرائے نقب کی کیچزیوت جیل میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں ملک بدری کے عمل تک قید رکھا گیا۔ اسرائیلی آبادی و امیگریشن اتھارٹی کے تحت ہر رضاکار کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
ڈی پورٹیشن کا عمل جاری
چار اطالوی شہریوں کی ملک بدری کے بعد اب دیگر یورپی ممالک کے رضاکاروں کو بھی بتدریج واپس بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ واقعہ اسرائیل کی انسانی امداد روکنے کی پالیسی پر بین الاقوامی سطح پر ایک اور تنقید کا باعث بنا ہے، جبکہ غزہ میں انسانی بحران دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔


