ریاض(ایچ آراین ڈبلیو)سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مختلف ممالک کے ساتھ حج 1447 ہجری کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں کا سلسلہ مکمل ہوگیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج کی جانب سے اس سال حج 1447 کی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے اور بروقت معاملات کو مکمل کرنے کے حوالے سے 75 سے زیادہ ممالک کے حکام کے ساتھ ورچوئل اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ان اجلاسوں میں آئندہ سال کیلیے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
وزارت حج وعمرہ کے مطابق حج سے متعلق اجلاسوں کو قبل از وقت منعقد کرنے کا مقصد سروسز اور حج پروگرام کے بارے میں بیرونی اداروں کو مطلع کرنا تھا تاکہ حجاج کی آمد وروانگی کے معاملات مکمل ہوسکیں۔
اس سے قبل سعودی وزارت حج نے متعلقہ اداروں کے ساتھ 50 سے زیادہ اجلاس منعقد کیے، جن میں ایک اجلاس میں انیشیٹو’سعودی بس‘ پر اتفاق کیا گیا جس کا مقصد عازمین حج کے لیے ٹرانسپورٹ کے تجربے کو اعلی معیار تک پہنچانا ہے۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے بیماری یا وفات کی صورت میں حج پر نہ جانے والوں کے لئے اہم سہولت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے نئی پالیسی جاری کر دی ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ عازمین کی بیماری یا وفات کی صورت میں ان کے قریبی رشتہ دار کو بطور متبادل حج پر بھیجا جا سکے گا۔


