واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی حکومت کے کام کاج میں بجٹ کے حوالے سے سیاسی تعطل کے باعث مکمل بندش نے خلائی ادارے ناسا سمیت متعدد اہم محکموں کو بھی متاثر کیا ہے۔
ناسا نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ فنڈز کی معطلی کے بعد ادارے کی تمام تر سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ ادارے کے 15 ہزار سے زائد ملازمین کو عارضی طور پر فارغ کر دیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق صرف وہی محدود عملہ ڈیوٹی پر رہے گا جو ان مشنز پر کام کر رہا ہے جن کے رکنے سے خلابازوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے یا حساس آپریشنز متاثر ہو سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی بندش کے نتیجے میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ کیپٹل ہل اور کانگریس لائبریری عوام کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔


