کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مصروف تجارتی مرکز طارق روڈ پر بدھ کی شام مسلح ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سونے کے تاجر سے تین کروڑ روپے مالیت کا سونا لوٹ لیا۔ یہ واقعہ شام تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اللہ والی چورنگی کے قابق پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق چار مسلح افراد جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، نے منصوبہ بندی کے تحت تاجر کو نشانہ بنایا۔ ڈاکو گنجان آبادی اور بھرے بازار کے باوجود اسلحہ دکھا کر مال لوٹنے میں کامیاب رہے اور موقع سے فرار ہو گئے۔
یہ رواں ماہ سونے کے تاجروں کے خلاف تیسری بڑی واردات ہے، جس نے تاجر برادری میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔ تاجر حکومت سے فوری حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واردات کے بعد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے ہوئے ہیں۔ تاحال پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ تاجر برادری کی طرف سے سیکیورٹی اداروں کی ترجیحات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


