کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ٹریفک پولیس نے شہریوں کو چالان کی آن لائن ادائیگی کے نام پر موصول ہونے والے جعلی اور گمراہ کن پیغامات سے خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا محکمہ ٹریفک یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
حکام کے مطابق شہریوں کو موبائل ایپ کے ذریعے چالان کی ادائیگی کے جھوٹے پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جو مکمل طور پر فراڈ پر مبنی ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے وضاحت کی کہ “چالان کی ادائیگی کے لیے کسی فرد کو کوئی ایس ایم ایس نہیں بھیجا جاتا۔ یہ تمام پیغامات جعلی ہیں اور ان پر ہرگز عمل نہ کیا جائے۔”
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چالان کی ادائیگی صرف مجاز ذرائع سے ہی کریں، جیسے کہ ٹریفک پولیس کے مقررہ دفاتر یا سرکاری ویب سائٹس۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جعلی پیغامات بھیجنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے درخواست ہے کہ ایسے کسی بھی مشتبہ پیغام کی صورت میں قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔


