76

دبئی ایئرپورٹ نے دنیا کا پہلا ’اسمارٹ کوریڈور‘ متعارف کرا دیا، امیگریشن اب صرف سیکنڈوں میں

دبئی(ایچ آراین ڈبلیو) مسافروں کے لیے انقلابی سہولت کے طور پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ’ریڈ کارپٹ اسمارٹ کوریڈور‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کی بدولت امیگریشن کا عمل اب محض چند سیکنڈز میں مکمل ہو رہا ہے۔

یہ دنیا کا پہلا مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) پر مبنی مسافر کوریڈور ہے، جو فی الحال ٹرمینل تھری کے بزنس کلاس ڈپارچر ہال میں قائم کیا گیا ہے۔ اس جدید نظام میں مسافروں کو پاسپورٹ یا بورڈنگ پاس دکھانے کی ضرورت نہیں، اور وہ بیک وقت 10 افراد کے ساتھ کوریڈور سے گزر سکتے ہیں۔

دبئی کے امیگریشن حکام (GDRFA Dubai) کے مطابق یہ سہولت خصوصاً خاندانوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی، جہاں وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ امیگریشن کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور تیز ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں اس اسمارٹ کوریڈور کو ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز تک وسعت دی جائے گی، اور دبئی ایئرپورٹ کو مزید جدید ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

یہ اقدام دبئی کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت شہر کو دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک بنانے کے لیے ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں