کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر آبپاشی جام خان شورو نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہروں کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کررہے ہیں،
سندھ کے عوام اور پیپلزپارٹی کا ایک ہی مؤقف ہے کہ متنازع کینالز نا منظور، متنازع کینالز کے خلاف سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور آپ کو یہ احتجاج سیاست لگ رہا ہے؟.
جام خان شورو نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو کینالز کے معاملے پر ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے، شہبازشریف کے ساتھ نہیں،
عظمی بخاری کو پانی کے معاملے کا الف ب تک نہیں پتا، ن لیگ متنازع کینالز کی ترجمانی کرنے کی بجائے اس منصوبے کو ہمیشہ کے لئے ختم کرے۔ وزیر آبپاشی کا کہنا تھا کہ سندھ میں زراعت سمیت پینے کے لئے پانی ہی میسر نہیں ہے، زمینیں بنجر ، کسان پریشان ہیں، مال مویشی پیاسے ہیں، اس لئے وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ متنازع کینالز نامنظور کا اعلان کریں. جام خان شورو نے ن لیگ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم نے متنازع کینالز منصوبے کو ختم نہیں کیا تو پھر پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، کینالز کے معاملے پر کسی بھی حد تک جائیں گے اور اس منصوبہ کو ختم کروائیں گے، سندھ کے آبپاشی نظام کا انحصار دریائے سندھ پر ہے، اس وقت زراعت کے ساتھ ساتھ پینے کے لئے بھی پانی موجود نہیں ہے۔ جام خان شورو نے کہا کہ سندھ کے عوام اور پیپلز پارٹی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ دریاء سندھ پر متنازع کینالز منصوبہ نا منظور، وفاق سی سی آئی کا اجلاس فوراً طلب کرے اور کینالز منصوبہ کو ہمیشہ کے لئے دفن کرے.


