60

افغانستان کا واضح اعلان: ہماری سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی

افغانستان(ایچ آراین ڈبلیو)افغان عبوری حکومت نے پاکستان، چین، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں جاری ہونے والے اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ افغان ترجمان حمداللہ فطرت نے کہا کہ کابل غیرملکی فوجی اڈوں کے قیام کے خلاف چاروں ممالک کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ افغانستان میں کسی مسلح گروہ کو سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی گئی ہے، اور یہ دعویٰ کہ افغانستان سے دوسرے ممالک کو خطرہ لاحق ہے، بالکل بے بنیاد ہے۔ ترجمان کے مطابق افغانستان بدعنوانی، منشیات اور ہر قسم کے ناپسندیدہ امور کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

حمداللہ فطرت نے کہا کہ افغانستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے، اور کابل کی پالیسی باہمی اعتماد، مثبت روابط اور دوستانہ تعلقات کے فروغ پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ علاقائی ممالک کا افغانستان کے استحکام کی حمایت کرنا ایک موقع ہے، جس کے ذریعے افغانستان اپنے سیاسی اور اقتصادی روابط مزید مستحکم کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں