نیویارک(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں تجارت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معیشت، انسداد دہشت گردی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے ٹیرف کے معاملے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے۔
وزیراعظم نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے 6 سے 10 مئی کے دوران بہادری سے دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دانشمندانہ حکمت عملی نے جنگ کے میدان میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے گر کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے جبکہ پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے 38.5 ارب ڈالر کی ریمٹنس بھیجنے کی تعریف کی اور کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال میکرو لیول پر مستحکم ہو چکی ہے۔
سعودی عرب کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا وہاں شاندار استقبال کیا گیا اور انہوں نے 40 سال کے دوران ایسا پرتپاک استقبال نہیں دیکھا تھا۔


