ٹوکیو(ایچ آراین ڈبلیو)جاپان میں پولیس نے ایک 75 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا جس نے مبینہ طور پر اقبالِ جرم کیا ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کی لاش کو دو دہائیوں سے ڈیپ فریزر میں رکھا ہوا تھا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کے ترجمان کے مطابق شمال مشرقی ٹوکیو کے علاقے ایباراکی میں کیکو موری کے گھر سے ایک بالغ خاتون کی لاش ڈیپ فریزر سے برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ کیکو موری نے کہا کہ یہ اس کی بیٹی ماکیکو ہے، جس کی پیدائش 1975 میں ہوئی تھی اور اگر زندہ ہوتی تو اس کی عمر 49 یا 50 برس ہوتی، انہوں نے مزید کہا کہ لاش گلنے سڑنے کے مراحل میں تھی اور وج موت جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
موری ایک رشتہ دار کے ساتھ پولیس کے پاس گئی اور بتایا کہ اس نے اپنی بیٹی کی لاش فریزر میں رکھی ہوئی ہے، جب تفتیش کار موری کے ہمراہ گھر پہنچے تو انہوں نے لاش کو فریزر کے اندر الٹا گھٹنوں کے بل جھکے ہوئے پایا۔پولیس نے موری کو لاش کو ٹھکانے لگانے کے شبے میں گرفتار کیا ہے، اس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ لاش کی بدبو پورے گھر میں پھیل رہی تھی اس لئے اس نے فریزر خریدا اور بیٹی کی لاش اس میں رکھ دی۔
پولیس کے مطابق موری کے کئی بچے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ ان میں سے کسی نے ماکیکو کے بارے میں کیا بیان دیا، مزید یہ کہ وہ اپنے شوہر کی حالیہ وفات (اس ماہ کے شروع میں)کے بعد اکیلی رہ رہی تھی۔


