کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) عیسیٰ نگری میں ٹریلر لگژری گاڑی سے ٹکرانے پر خاتون کی طیش میں آکر ہوائی فائرنگ، پولیس نے ٹریلر کے ڈرائیور اور خاتون دونوں کو گرفتار کرکے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق خاتون اور ٹریلر کا ڈرائیور، دونوں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے تھے، ٹریلر نے آگے نکلنے کی کوشش کی تو کار کو سائیڈ لگ گئی، جس پر خاتون طیش میں آگئی اور پستول نکال لیا۔
مدعی پولیس افسر کے مطابق خاتون نے ہوائی فائرنگ شروع کردی، ہم نے ٹریلر ڈائیور کو پکڑا جس نے اپنا نام ظفر اقبال بتایا۔
مدعی کے مطابق ملزمہ علیشہ نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی موقع پر پیش کردیا، خاتون کا عمل دفعہ 337 کی حد کو پہنچتا ہے، دونوں کی گاڑیاں ضبط کرکے خاتون کو وومن تھانے اور ڈرائیور کو پی آئی بی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔


