اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی دارالحکومت پشاور میں فوڈ اسٹریٹ پر ناجائز قبضے اور تجاوزات کرنے والے خطرناک گروہوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کر دیا گیا، جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے کروڑوں روپے لاگت سے ایک گھنٹہ گھر کو فوڈ اسٹریٹ بنایا تھا تاکہ شہریوں کو تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے، مگر نام نہاد افغانی صدور سمیت دیگر بااثر گروہوں نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔ تجاوزات اور دو طرفہ ٹریفک نے فوڈ اسٹریٹ کو سبزی منڈی میں بدل دیا تھا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور ناجائز قبضوں کے خلاف زبردست آپریشن کا آغاز کر دیا۔ یہ وہی بازار ہے جہاں سے غیر قانونی طور پر کپڑوں کی اسمگلنگ بھی کی جاتی رہی، مگر ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے۔
آپریشن کے بعد شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فوڈ اسٹریٹ کو اصل شکل میں بحال کیا جائے گا اور تجاوزات مافیا کو دوبارہ قدم جمانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔


