83

سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ نے پڑھا دیا بڑا سبق: سڑکوں کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر برطرف

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر ردا زہرا کو ان کی سرکاری حیثیت سے یکلخت برطرف کر دیا ہے، جس کی وجہ میئر حیدرآباد کاشف شورو کے حلقے قاسم آباد کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے حوالے سے ان کی ایک متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹ بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے مطابق، ردا زہرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر قاسم آباد کی ناقص سڑکوں پر طنزیہ انداز میں ایک پوسٹ شیئر کی۔ انہوں نے لکھا: “اگر کسی کے گردے میں پتھری ہو تو وہ قاسم آباد کی سڑکوں پر سفر کرے، پتھری خود ہی نکل جائے گی۔”

خیال رہے کہ قاسم آباد کے حلقے کی نمائندگی خود میئر حیدرآباد کاشف شورو کرتے ہیں۔ اس پوسٹ کو سرکاری عہدیدار کی جانب سے غیر پیشہ ورانہ رویہ سمجھا گیا۔

ذرائع کے مطابق، یہ معاملہ سامنے آتے ہی سندھ حکومت فوری حرکت میں آگئی اور اسسٹنٹ کمشنر ردا زہرا کو ان کے عہدے سے فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ یہ اقدام سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے ایک سخت پیغام سمجھا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، برطرفی کی وجہ سرکاری افسر کا اپنے عہدے کی ذمہ داریوں کے منافی اور غیر مناسب زبان کا استعمال بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر سرکاری عہدیداران کے رویے اور حدود کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں