راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اسلام آباد میں ‘ہز میجسٹی کنگ حمد انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز’ کے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ایچ آر ایچ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب میں بحرین کے شاہی خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ طبی تعلیم کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نرسنگ اور طبی سائنسز کے شعبوں میں معیار کی نئی بلندیاں متعین ہوں گی۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ پاکستان میں نرسنگ اور وابستہ طبی علوم کے شعبوں میں ماہر طبیب اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز تیار کرے گا۔ اس تقریب میں سینئر سول و فوجی افسران بھی موجود تھے۔
یہ ادارہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون کی ایک نئی مثال ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔


