73

ایف بی آرنےٹیکس چھپانے والے سناروں کے خلاف نوٹسز جاری کردیئے، 900 جیولرز کی فہرست تیار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری کے شبہ میں سناروں کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمے نے اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے سناروں کو نوٹسز جاری کر کے ان سے ٹیکس معاملات کی وضاحت طلب کی ہے۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں 60 ہزار سناروں میں سے صرف 21 ہزار ٹیکس کے دائرے میں رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے محض 10 ہزار 524 نے ہی ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیشتر سنار اپنی اصل آمدنی چھپا کر ٹیکس ادا کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے پنجاب کے 900 سناروں کی ابتدائی فہرست تیار کی ہے، جن کے خلاف کارروائی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ محکمے نے اسلام آباد کی ایک بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی پر بھی چھاپہ مارا ہے، جو ٹیکس چوری کے دائرے میں آتی ہے۔

ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق، “یہ کارروائی غیررجسٹرڈ اور ٹیکس چور عناصر کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام معاشی شعبوں کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔” ماہرین کے مطابق یہ اقدام قومی خزانے میں اضافے کی سمت میں اہم قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں