کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) پشتون ثقافت اور تہذیبی ورثے کے احیا کے لیے آج پوری دنیا میں پشتون کلچر ڈے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اس دن کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں مرکزی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ پشتو اکیڈمی کوئٹہ میں بھی ثقافتی پروگرام ہوگا جس میں پشتون ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی مقامی سطح پر تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جن میں پشتون روایات، ثقافتی ورثے اور تہذیبی اقدار کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔
ثقافتی تقریبات میں پشتونوں کی روایتی پوشاک، موسیقی، رقص اور مقامی کھانوں کے علاوہ ادبی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر مقررین پشتون تہذیب کی تاریخی اہمیت اور اسے زندہ رکھنے کی ضرورت پر روشنی ڈالیں گے۔ یہ دن پشتون ثقافت کے فروغ اور نئی نسل میں اس کی آگاہی کے لیے ہر سال منایا جاتا ہے۔


