سکھر(ایچ آراین ڈبلیو)سکھر کے علاقے میں ایک سفاک زمیندار کے تشدد کا نشانہ بننے والی دو سالہ اونٹنی ‘چاندنی’ کا کراچی کے نجی شیلٹر ہوم میں علاج جاری ہے، جہاں اس کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد ‘چاندنی’ کو کراچی کے مراد میمن گوٹھ واقع شیلٹر ہوم لایا گیا، جہاں اسے ہارنس کی مدد سے کھڑا کر کے ٹانگوں کی مالش کی جا رہی ہے۔ علاج کا یہ عمل انتہائی دردناک ہونے کے باوجود ضروری قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ تین روز تک بیٹھے رہنے کی وجہ سے اس کے معدے کے پھولنے، سانس لینے میں دشواری اور ٹانگوں میں خون کی گردش متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز ‘چاندنی’ پانی کی تلاش میں ایک زمین پر داخل ہوئی تو زمین کے مالک نے نہ صرف اس کی پچھلی دائیں ٹانگ توڑ دی بلکہ ٹریکٹر سے گھسیٹنے کے باعث اس کے جسم پر گہرے زخم آئے۔ اس ظالمانہ حرکت کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں اونٹنی کو درد سے چیختی ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
شیلٹر ہوم کے عملے کا کہنا ہے کہ ‘چاندنی’ کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔


