47

انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان ٹیکس بار نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کو خط لکھ کر انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب اور طوفانی بارشوں نے خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ سمیت دیگر حصوں کو شدید متاثر کیا ہے جس کے باعث ٹیکس دہندگان بروقت ریٹرنز جمع کرانے کے قابل نہیں رہے۔

پاکستان ٹیکس بار کے صدر انور کاشف ممتاز صدیقی اور جنرل سیکرٹری محمد ریحان کی جانب سے تحریر کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 تیزی سے قریب آرہی ہے، لہٰذا اس تاریخ میں کم از کم ایک ماہ یعنی 31 اکتوبر 2025 تک توسیع دی جائے، اور اگر حالات برقرار رہیں تو مزید توسیع پر بھی غور کیا جائے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 118 کے تحت ٹیکس دہندگان کو مالی سال کے اختتام سے 90 دن کا وقت دیا جاتا ہے، تاہم ایف بی آر کے IRIS سوفٹ ویئر میں متعدد تکنیکی مسائل کے باعث ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بعض اوقات سسٹم مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے جس سے بروقت اور درست ریٹرنز جمع کرانا ممکن نہیں رہتا۔

پاکستان ٹیکس بار نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ ٹیکس دہندگان کے وسیع تر مفاد میں اس درخواست کو منظور کریں گے تاکہ انہیں بغیر کسی قانونی پیچیدگی یا جرمانے کے ریٹرنز جمع کرانے کی سہولت مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں