کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عمرے کیلیے جانے والے خاندان کے ساتھ مبینہ دھوکہ ہوگیا، سعودی عرب میں منشیات برآمد ہونے پر حکام نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے ایک ہی خاندان کے چار افراد عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ سعودی حکام کی حراست میں ہیں، 8 ستمبر کو 28 سالہ ذاکر، 23 سالہ زائدہ، 26 سالہ جمیل اور 45 سالہ انوری عمرے پر گئے تھے مگر 10 روز تک ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، 19 ستمبر کو ایک نامعلوم غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کے بیگز سے منشیات اور ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئی ہیں جس پر وہ گرفتار ہیں۔ اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ احرام سمیت عمرے کی ضروری اشیاء ٹریول ایجنٹ علی نے فراہم کی تھیں اور انہی کے ذریعے انہیں پھنسایا گیا ہے۔ اہلِ خانہ نے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے بے گناہ پیاروں کو فوری طور پر رہا کروا کر پاکستان واپس لایا جائے۔
50


