کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں نے مرکز بہادرآباد پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کے الیکٹرک اور نیپرا کی جانب سے کراچی کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام دشمنی اوراستحصالی رویےکی انتہا کر دی ہے، بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکس، فیول ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز شامل کر کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس سے رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، رہنما عامر صدیقی نے خطاب کیا۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ “دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ بجلی کے زیادہ استعمال پر نرخ بڑھا دیے جائیں مگر کراچی کے عوام کو ظلم و زیادتی کا نشانہ بنایاجا رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ کراچی کی تباہ حالی اور عوامی مصائب کی اصل ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے، جن کی سترہ سالہ حکمرانی ناکامی، کرپشن اور بدترین بدانتظامی کی ناقابل فراموش داستان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم جلد سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی تاکہ ثابت کیا جا سکے کہ کراچی کے عوام تنہا اور بے سہارا نہیں ہیں بلکہ متحدہ ان کے حقوق کی مضبوط ڈھال ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عامر صدیقی نے کہا کہ نیپرا نے ستم بالائے ستم کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو 74 ارب کی بجلی کی چوری کا بوجھ شہریوں پر ڈالنے کا اختیار دے دیا، جو سراسر ظلم، زیادتی اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کے فلور پر اس عوام دشمن اقدام کے خلاف قرارداد جمع کرائی اور بھرپور آواز بلند کر کے ثابت کیا کہ شہری سندھ کے عوام کے اصل اور حقیقی نمائندے صرف حق پرست ہی ہیں۔” رہنماؤں نے کہا کہ میئر کراچی کی خاموشی اور بے عملی افسوسناک ہے جبکہ جماعت اسلامی صرف بینرز اور نعرہ بازی تک محدود ہے۔ کراچی کے عوام کی نجات صرف ایم کیو ایم کی جدوجہد میں ہے، جو ہر فورم پر عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر متحدہ کےحق پرست اراکینِ قومی اسمبلی ڈاکٹر نگہت شکیل، سنجے پروانی، حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی عامر صدیقی، معید انور، ڈاکٹر عبدالباسط، نجم مرزا، معاذ محبوب اور دانیال صدیقی بھی موجود تھے۔
70


