63

انسانیت لرز اٹھی، سول اسپتال حیدرآباد کے کوڑے دانوں سے نومولود کی لاشیں برآمد، ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سول اسپتال، جو زندگیاں بچانے کا مرکز ہونا چاہیے تھا، وہاں سے ایسی دل دہلا دینے والی خبریں آرہی ہیں کہ انسانیت شرم سے سر جھکا لے۔ اسپتال کے کوڑے دانوں سے نومولود بچوں کی لاشیں برآمد ہونے لگی، جنہیں آوارہ کتے اور بلیاں نوچتے رہیں۔ یہ مناظر صرف خوفناک نہیں بلکہ انتظامیہ کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کا کھلا ثبوت ہیں۔

مزید سنسنی خیز بات یہ ہے کہ کوڑے دان سے ملنے والے نومولود بچے کی لاش کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے، جس نے شہریوں کے دل دہلا دیے ہیں اور سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

سوال یہ ہے کہ آخر ایک بڑا سرکاری اسپتال، جہاں کروڑوں روپے کا بجٹ ہوتا ہے، وہاں انتظامیہ اس قدر غیر ذمے دار کیسے ہوسکتی ہے؟ مریضوں اور عینی شاہدین کے انکشافات نے ہولناک حقیقت سے پردہ اٹھایا کہ مردہ نومولود بچوں کو اوپر فلور سے کھڑکی کے ذریعے نیچے پھینکا جاتا ہے، جیسے وہ انسان نہیں بلکہ کچرے کا حصہ ہوں۔

یہ محض لاپرواہی نہیں، بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ سول اسپتال انتظامیہ کو جواب دینا ہوگا کہ یہ دل دہلانے والے مناظر کیوں اور کیسے رونما ہوئے؟ کہاں ہے وہ نظام جو مریضوں کو سہولتیں دینے اور لاشوں کو احترام دینے کا دعویٰ کرتا ہے؟

عوام، شہری حلقے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں چیخ چیخ کر کہہ رہی ہیں کہ اب محض بیانات سے بات نہیں بنے گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اعلیٰ حکام فوری ایکشن لیں، ذمے دار افسران اور عملے کو نشانِ عبرت بنائیں اور اس گھناؤنے عمل کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں